Showing posts with label jmi. Show all posts
Showing posts with label jmi. Show all posts

اردو زبان کی ابتدا کے متعلق نظریات

January 20, 2019
•
jmi

اردو زبان کی ابتدا کے متعلق نظریات



اردو کی ابتدا و آغاز کے بارے میں کئی مختلف و متضاد نظریات ملتے ہیں یہ آپس میں اس حد تک متضاد ہیں کہ ایک انسان چکرا کر رہ جاتا ہے۔ ان مشہور نظریات میں ایک بات مشترک ہے کہ ان میں اردو کی ابتدا کی بنیاد برصغیر پاک و ہند میں مسلمان فاتحین کی آمد پر رکھی گئی ہے۔ اور بنیادی استدلال یہ ہے کہ اردو زبان کا آغاز مسلمان فاتحین کی ہند میں آمد اور مقامی لوگوں سے میل جول اور مقامی زبان پر اثرات و تاثر سے ہوا۔ اور ایک نئی زبان معرض وجود میں آئی جو بعد میں اردو کہلائی۔ کچھ ماہرین لسانیات نے اردو کی ابتدا کا سراغ قدیم آریائوں کے زمانے میں لگانے کی کوشش کی ہے۔ بہر طور اردو زبان کی ابتدا کے بارے میں کوئی حتمی بات کہنا ذرا مشکل ہے۔ اردو زبان کے محققین اگرچہ اس بات پر متفق ہیں کہ اردو کی ابتدا مسلمانوں کی آمد کے بعد ہوئی لیکن مقام اور نوعیت کے تعین اور نتائج کے استخراج میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ اس انداز سے اگر اردو کے متعلق نظریات کو دیکھا جائے تو وہ نمایاں طور پر چار مختلف نظریات کی شکل میں ہمارے سامنے آتے ہیں۔

دکن میں اردو

نصیر الدین ہاشمی اردو زبان کا سراغ دکن میں لگاتے ہیں۔ ان کا بنیادی استدلال یہ ہے کہ طلوع اسلام سے بہت پہلے عرب ہندوستان میں مالابار کے ساحلوں پر بغرض تجارت آتے تھے۔ تجارت کے ضمن میں ان کے تعلقات مقامی لوگوں سے یقیناً ہوتے تھے روزمرہ کی گفتگو اور لین دین کے معاملات میں یقیناً انہیں زبان کا مسئلہ درپیش آتا ہوگا۔ اسی میل میلاپ اور اختلاط و ارتباط کی بنیاد پر نصیر الدین ہاشمی نے یہ نظریہ ترتیب دیا کہ اس قدیم زمانے میں جو زبان عربوں اور دکن کے مقامی لوگوں کے مابین مشترک وسیلۂ اظہار قرار پائی وہ اردو کی ابتدائی صورت ہے۔ جدید تحقیقات کی روشنی میں یہ نظریہ قابلِ قبول نہیں۔ ڈاکٹر غلام حسین اس نظریے کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں :

عربی ایک سامی النسل زبان ہے جب کہ اردو کا تعلق آریائی خاندان سے ہے۔ اس لیے دکن میں اردو کی ابتداء کا سوال خارج از بحث ہو جاتا ہے۔ دکن میں اردو شمالی ہند سے خلجی اور تغلق عساکر کے ساتھ آئی اور یہاں کے مسلمان سلاطین کی سرپرستی میں اس میں شعر و ادب تخلیق ہوا۔ بہر کیف اس کا تعلق اردو کے ارتقاء سے ہے۔ ابتداء سے نہیں۔
اسی طرح دیکھا جائے تو جنوبی ہند (دکن) کے مقامی لوگوں کے ساتھ عربوں کے تعلقات بالکل ابتدائی اور تجارتی نوعیت کے تھے۔ عرب تاجروں نے کبھی یہاں مستقل طور پر قیام نہیں کیا یہ لوگ بغرض تجارت آتے، یہاں سے کچھ سامان خریدتے اور واپس چلے جاتے۔ طلوعِ اسلام کے ساتھ یہ عرب تاجر، مالِ تجارت کی فروخت اور اشیائے ضرورت کے تبادلے کے ساتھ ساتھ تبلیغ اسلام بھی کرنے لگے۔ اس سے تعلقات کی گہرائی تو یقیناً پیدا ہوئی مگر تعلقات استواری اور مضبوطی کے اس مقام تک نہ پہنچ سکے جہاں ایک دوسرے کا وجود ناگزیر ہو کر یگانگت کے مضبوط رشتوں کا باعث بنتا ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ ایسی صورت میں وہ نزدیکی اور قرب پیدا نہ ہو سکا جہاں زبان میں اجنبیت کم ہو کر ایک دوسرے میں مدغم ہو جانے کی کیفیت ظاہر ہوتی ہے اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ عربوں کے یہ تجارتی و مقامی تعلقات لسانی سطح پر کسی بڑے انقلاب کی بنیاد نہ بن سکے، البتہ فکری سطح پر ان کے اثرات کے نتائج سے انکار نہیں۔

۔


سندھ میں اردو

یہ نظریہ سید سلیمان ندوی کا ہے جس کے تحت ان کا خیال ہے کہ مسلمان فاتحین جب سندھ پر حملہ آور ہوئے اور یہاں کچھ عرصے تک ان کی باقاعدہ حکومت بھی رہی اس دور میں مقامی لوگوں سے اختلاط و ارتباط کے نتیجے میں جوزبان وجود پزیر ہوئی وہ اردو کی ابتدائی شکل تھی۔ ان کے خیال میں :

”مسلمان سب سے پہلے سند ھ میں پہنچے ہیں اس لیے قرین قیاس یہی ہے کہ جس کو ہم آج اردو کہتے ہیں۔ اس کا ہیولیٰ اسی وادی سندھ میں تیار ہوا ہوگا۔ “
اس میں شک نہیں کہ سندھ میں مسلمانوں کی تہذیب و معاشرت اور تمدن و کلچر کا اثر مستقل اثرات کا حامل ہے۔ مقامی لوگوں کی زبان، لباس اور رہن سہن میں دیرپا اور واضح تغیرات سامنے آئے ہیں بلکہ عربی زبان و تہذیب کے اثرات سندھ میں آج تک دیکھے اور محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ آج سندھی زبان میں عربی کے الفاظ کی تعداد پاکستان و ہند کی دوسری تمام زبانوں کی نسبت زیادہ ہے اس کا رسم الخط بھی عربی سے بلاو اسطہ طور پر متاثر ہے۔ عربی اثرات کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بعض مورخین کے نزدیک دوسری زبانوں میں جہاں دیسی زبانوں کے الفاظ مستعمل ہیں وہاں سندھی میں عربی الفاظ آتے ہیں مثال کے طو ر پر سندھی میں پہاڑ کو ”جبل“ اور پیاز کو ”بصل“ کہنا۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ یہ اثرات زبان میں الفاظ کے دخول سے آگے نہ بڑھ سکے۔ اس لیے کوئی مشترک زبان پیدا نہ ہو سکی۔ یہی وجہ ہے کہ سید سلیمان ندوی اپنے اس دعوے ٰ کا کوئی معقول ثبوت نہیں دے سکے۔ بقول ڈاکٹر غلام حسین:

”اس بارے میں قطعیت سے کچھ نہیں کہا جاسکتا ابتدائی فاتحین عرب تھے جن کے خاندان یہاں آباد ہو گئے۔ نویں صدی میں جب ایران میں صفاریوں کا اقتدار ہوا تو ایرانی اثرات سندھ اور ملتان پر ہوئے۔ اس عرصہ میں کچھ عربی اور فارسی الفاظ کا انجذاب مقامی زبان میں ضرور ہوا ہوگا اس سے کسی نئی زبان کی ابتدا کا قیاس شاید درست نہ ہوگا۔ “
اس دور کے بعض سیاحوں نے یہاں عربی، فارسی اور سندھی کے رواج کا ذکر ضرور کیا ہے مگر ان بیانات سے یہ بات واضح نہیں ہوتی کہ یہاں کسی نئی مخلوط زبان کا وجود بھی تھا۔ البتہ قیاس کیا جاسکتا ہے کہ سندھی اور ملتا نی میں عربی اور فارسی کی آمیزش ہوئی ہو گئی۔ اس آمیز ش کا ہیولیٰ قیاس کرنا کہاں تک مناسب ہے۔ خاطر خواہ مواد کی عدم موجودگی میں اس کا فیصلہ کرنا دشوار ہے۔


پنجاب میں اردو

حافظ محمود شیرانی نے اپنے گہرے لسانی مطالعے اور ٹھوس تحقیقی بنیادوں پر یہ نظریہ قائم کیا ہے کہ اردو کی ابتدا پنجاب میں ہوئی۔ ان کے خیال کے مطابق اردو کی ابتدا اس زمانے میں ہوئی جب سلطان محمود غزنوی اور شہاب الدین غوری ہندوستان پر باربار حملے کر رہے تھے۔ ان حملوں کے نتیجے میں فارسی بولنے والے مسلمانوں کی مستقل حکومت پنجاب میں قائم ہوئی اور دہلی کی حکومت کے قیام سے تقریباً دو سو سال تک یہ فاتحین یہاں قیام پزیر رہے۔ اس طویل عرصے میں زبان کا بنیادی ڈھانچہ صورت پزیر ہوا اس نظریے کی صداقت کے ثبوت میں شیرانی صاحب نے اس علاقے کے بہت سے شعرا کا کلام پیش کیا ہے۔ جس میں پنجابی،فارسی اور مقامی بولیوں کے اثرات سے ایک نئی زبان کی ابتدائی صورت نظرآتی ہے۔ ڈاکٹر غلام حسین ذوالفقار اس سلسلہ میں لکھتے ہیں :

”سلطان محمود غزنوی کی فتوحا ت کے ساتھ ساتھ برصغیر کی تاریخ کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ فتوحات کا یہ سلسلہ 1000ء سے 1026ء تک جاری رہا اور پنجاب و سندھ کے علاوہ قنوج، گجرات (سومنات) متھرا اور کالنجر تک فاتحین کے قدم پہنچے لیکن محمود غزنوی نے ان سب مفتوحہ علاقوں کو اپنی سلطنت میں شامل نہ کیا البتہ 1025ء میں لاہور میں اپنا نائب مقرر کرکے پنجاب کو اپنی قلم رو میں شامل کر لیا۔ نئے فاتحین میں ترک اور افغان شامل تھے۔ غزنوی عہد میں مسلمان کثیر تعداد میں پنجاب میں آباد ہوئے، علما اور صوفیا نے یہاں آکر رشد و ہدایت کے مراکز قائم کیے اور تبلیغ دین کا سلسلہ شروع کیا جس کے نتیجے میں مقامی باشندے گروہ درگروہ اسلام قبول کرنے لگے اس سماجی انقلاب کا اثر یہاں کی زبان پر پڑا۔ کیونکہ فاتحین نے پنجاب میں آباد ہو کر یہاں کی زبان کو بول چال کے لیے اختیار کیا۔ اس طرح غزنوی دور میں مسلمانوں کی اپنی زبان، عربی، فارسی اور ترکی کے ساتھ ایک ہندوی زبان کے خط و خال نمایا ں ہوئے۔ “
مسلمان تقریباً پونے دو سو سال تک پنجاب، جس میں موجودہ سرحدی صوبہ اور سندھ شامل تھے حکمران رہے۔ 1193ء میں قطب الدین ایبک کے لشکروں کے ساتھ مسلمانوں نے دہلی کی طرف پیش قدمی کی اور چند سالوں کے بعد ہی سارے شمالی ہندوستان پر مسلمان قابض ہو گئے۔ اب لاہور کی بجائے دہلی کو دار الخلافہ کی حیثیت حاصل ہو گئی تو لازماً مسلمانوں کے ساتھ یہ زبان جو اس وقت تک بول چال کی زبان کا درجہ حاصل کر چکی تھی، ان کے ساتھ ہی دہلی کی طر ف سفر کر گئی۔

تاریخی اور سیاسی واقعات و شواہد کے علاوہ پرفیسر محمود خان شیرانی، اردو اور پنجابی کی لسانی شہادتوں اور مماثلتوں سے دونوں زبانوں کے قریبی روابط و تعلق کو واضح کرکے اپنے اس نظرے کی صداقت پر زور دیتے ہیں کہ اردو کا آغاز پنجاب میں ہوا۔ فرماتے ہیں : ”اردو اپنی صرف و نحو میں پنجابی و ملتانی کے بہت قریب ہے۔ دونوں میں اسماء و افعال کے خاتمے میں الف آتا ہے اور دونوں میں جمع کا طریقہ مشترک ہے یہاں تک کہ دونوں میں جمع کے جملوں میں نہ صرف جملوں کے اہم اجزاء بلکہ ان کے توابعات و ملحقات پر بھی ایک باقاعدہ جاری ہے۔ دنوں زبانیں تذکیر و تانیث کے قواعد، افعال مرکبہ و توبع میں متحد ہیں پنجابی اور اردو میں ساٹھ فی صدی سے زیادہ الفاظ مشترک ہیں۔ “

مختصراً پروفیسر شیرانی کی مہیا کردہ مشابہتوں اور مماثلتوں پر نظر ڈالیں تو دونوں زبانوں کے لسانی رشتوں کی وضاحت ہو جاتی ہے اور یہ بات کھل کر سامنے آتی ہے کہ اردو اپنی ساخت اور صرفی و نحوی خصوصیات کی بنا پر پنجابی زبان سے بہت زیادہ قریب ہے اور اس سے بھی پروفیسر موصوف کے استدلال کو مزید تقویت پہنچتی ہے۔

الغرض اگر ہم پروفیسر شیرانی کی تحقیق پر تنقیدی نظر ڈالیں تو یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ واقعی اردو اپنی ہیئت ساخت اور صرف و نحو کی خصوصیات کی بنا پر پنجابی سے قریب تر ہے۔ مثلاً

1۔ اردو اور پنجابی میں تذکیر و تانیث کے قواعد یکساں ہیں۔ مثلاً اکثر الفاظ جو الف پر ختم ہوں اگر ان کی تانیث کرنی مقصود ہو تو ’’الف ‘‘کو ’’ ی‘‘ میں بدل دیا جاتا ہے۔ مثلاً بکرا، بکری۔ گھوڑا، گھوڑی۔ کالا، کالی وغیرہ

2۔ مصدر کا قاعدہ بھی دونوں زبانوں میں یکساں ہے۔ یعنی فعل امر کے آخر میں ’’نا‘‘ کے اضافے سے مصدر بنایا جاتاہے۔

3۔ فعل تذکیر و تانیث دونوں میں اپنے فاعل کی حالت کے مطابق آتا ہے۔ مثلاً گھوڑی آئی (اردو) کوڑی آئی (پنجابی) لڑکا آیا (اردو) منڈا آیا( پنجابی)

4۔ فعل لازم سے فعل متعدی بنانے کے قاعدے بھی دونوں زبانوں میں یکساں ہیں جیسے سیکھنا سے سکھانا (اردو)، سکھنا سے سکھانا (پنجابی) بیٹھنا سے بٹھانا (اردو) اور بہنا سے بہانا (پنجابی) اس کے علاوہ ماضی مطلق، ماضی احتمالی شکیّہ، مضارع، مستقبل کے اصول، مضارع، امر کے قاعدے، معروف و مجہول، دعائیہ، ندائیہ کے اصول و ضوابط دونوں زبانوں میں یکساں ہیں۔

یاد رہے کہ ’’پنجاب میں اردو‘‘ کی اشاعت سے قبل مولانا محمد حسین آزاد کے پیش کردہ نظریے کو ہی قبولیت عام حاصل تھی مگر حافظ صاحب کی کتاب نے تحقیق کے تمام تر دروازے پنجاب کی سرزمین کی طرف وا کر دیے۔ خود حضرت علامہ محمد اقبال کو جب نصیر الدین ہاشمی نے اپنی تصنیف ’’دکن میں اردو‘‘ پیش کی تو انہوں نے کہا: ’’ غالباً پنجاب میں بھی کچھ پرانا مسالا موجود ہے۔ اگر اس کے جمع کرنے میں کسی کو کامیابی ہو گی تو مورخ اردو کے لیے نئے سوالات پیدا ہوں گے ‘‘۔

پروفیسر سینٹی کمار چیٹر جی نے بھی پنجاب میں مسلمان فاتحین کے معاشرتی اور نسلی اختلاط کا ذکر کیا ہے اور ڈاکٹر زور کے نقطہ نظر کی تائید کی ہے۔ ان کے خیال میں قدرتی طور پر مسلمانوں نے جو زبان ابتداً اختیار کی وہ وہی ہوگی جو اس وقت پنجاب میں بولی جاتی تھی وہ کہتے ہیں کہ موجودہ زمانے میں پنجابی زبان خاص طور پر مشرقی پنجاب اور یو پی کے مغربی اضلاع کی بولیوں میں کچھ زیادہ اختلاف نہیں اور یہ فرق آٹھ، نوسو سال پہلے تو اور بھی زیادہ کم ہوگا۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ وسطی و مشرقی پنجاب اور مغربی یوپی میں اس وقت قریباً ملتی جلتی بولی رائج ہو۔ مزید براں پروفیسر موصوف حافظ محمود شیرانی کی اس رائے سے بھی متفق دکھائی دیتے ہیں کہ پنجاب کے لسانی اثرات کا سلسلہ بعد میں بھی جاری رہا۔

حافظ محمود شیرانی کی تالیف ”پنجاب میں اردو“ کی اشاعت کے ساتھ ہی مولانا محمد حسین آزاد کے نظریے کی تردید ہو گئی جس میں وہ زبان کی ابتدا کے بارے میں اردو کا رشتہ برج بھاشا سے جوڑتے ہیں۔ پنجاب میں اردو کا نظریہ خاصہ مقبول رہا مگر پنڈت برج موہن و تاتریہ کیفی کی تالیف ”کیفیہ“ کے منظر عام پر آنے سے یہ نظریہ ذرا مشکوک سا ہو گیا۔ مگر خود پنڈت موصوف اردو کی ابتدا کے بارے میں کوئی قطعی اور حتمی نظریہ نہ دے سکے۔ یوں حافظ محمودشیرانی کے نظریے کی اہمیت زیادہ کم نہ ہوئی۔

دہلی میں اردو

اس نظریے کے حامل محققین اگرچہ لسانیات کے اصولوں سے باخبر ہیں مگر اردو کی پیدائش کے بارے میں پنجاب کو نظر انداز کرکے دہلی اور اس کے نواح کو مرکزی حیثیت دیتے ہیں۔ لیکن دہلی اور اس کے نواح کی مرکزیت اردو زبان کی نشو و نما اور ارتقا میں تو مانی جا سکتی ہے ابتدا اور آغاز میں نہیں۔ البتہ ان علاقوں کو اردو کے ارتقا میں یقینا نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ دہلی اور اس کے نواح کو اردو کا مولد و مسکن قرار دینے والوں میں ڈاکٹر مسعود حسین اور ڈاکٹر شوکت سبزواری نمایاں ہیں۔ وہ اس بارے میں لکھتے ہیں کہ:

”یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ارد و کی ابتدا کا مسلمانوں سے یا سرزمین ہند میں ان کے سیاسی اقتدار کے قیام اور استحکام سے کیا تعلق ہے۔ اردو میرٹھ اور دہلی کی زبان ہے اس کے لیے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اردو اپنے ہار سنگھار کے ساتھ دہلی اور یوپی کے مغربی اضلاع میں بولی جاتی ہے لیکن ہمیں یہ معلوم نہیں کہ اس زبان کا آغاز انہی اضلاع میں ہوا یا کسی اور مقام میں جہاں سے اسے دہلی اور یوپی کے مغربی اضلاع میں لایا گیا۔ “
ان نظریات کے علاوہ میر امن، سرسید اور محمد حسین آزاد نے بھی کچھ نظریات اپنی تصانیف میں پیش کیے لیکن یہ نظریات متفقہ طور پر حقیقت سے دور ہیں اور جن کے پیش کنندگان فقدان تحقیق کا شکار ہیں۔


مجموعی جائزہ

اردو کی ابتدا کے بارے پروفیسر محمود شیرانی کا یہ استدال بڑا وزن رکھتا ہے کہ کہ غزنوی دور میں جو ایک سو ستر سال تک حاوی ہے ایسی بین الاقوامی زبان ظہور پزیر ہو سکتی ہے۔ اردو چونکہ پنجاب میں بنی اس لیے ضروری ہے کہ وہ یا تو موجودہ پنجابی کے مماثل ہو یا اس کے قریبی رشتہ دار ہو۔ بہرحال قطب الدین ایبک کے فوجی اور دیگر متوسلین پنجاب سے کوئی ایسی زبان ہمراہ لے کر روانہ ہوئے جس میں خود مسلمان قومیں ایک دوسرے سے تکلم کر سکیں اور ساتھ ہی ہندو اقوام بھی اس کو سمجھ سکیں اور جس کو قیام پنجاب کے زمانے میں وہ بولتے رہے ہیں۔ یوں محققین کی ان آراء کے بعد یہ امر واضح ہو جاتا ہے کہ قدیم اردو کا آغاز جدید ہند آریائی زبانوں کے طلوع کے ساتھ 1000ء کے لگ بھک اس زمانے میں ہو گیا جب مسلم فاتحین مغربی ہند (موجودہ مغربی پاکستان) کے علاقوں میں آباد ہوئے اور یہاں اسلامی اثرات بڑی سرعت کے ساتھ پھیلنے لگے۔

نیا سال ’’کیوں‘‘ مبارک ہو ؟

January 01, 2019
•
jmi

نیا سال ’’کیوں‘‘ مبارک ہو ؟


دسمبر کا مہینہ غم درد اور مایوسی کا مہینہ سمجھا جاتا ہے خصوصاً پاکستان کے حوالے سے، کیونکہ ظلم وستم اور دہشت گردی کے بڑے واقعات اسی مہینے میں پیش آئے لیکن دوسری طرف یہی دسمبر نئے سال کی صبح کے لیے آخری رات کی مانند سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ دسمبر شروع ہوتے ہی نوجوان حرکت میں آتے ہیں اور نئے سال کی مبارکباد کاسلسلہ شروع ہوتا ہے۔یہ نظارے موجودہ دور کے ایک معروف ایجاد فیس بک پر روز دیکھے جاسکتے ہیں۔ہمارے نوجوان اس سلسلے میں بڑے جذباتی واقع ہوئے ہیں اور وہ اس روایت کو فرض سمجھ کر ایسے مناتے ہیں جیسے عید،شادی یا کوئی بڑی کامیابی کے موقع پر لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں۔اب ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ نئے سال کی آمد پر خوشی ہم کیوں مناتے ہیں حالانکہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ ایک مغربی روایت ہے جو تہوار کی شکل اختیار کر چکی ہے۔یہاں میں ایک بات واضح کرتا چلوں کہ مجھے مغرب سے کوئی نفرت نہیں مگر جب ہم اپنا موازنہ ان کے ساتھ کرتے ہیں تو صاف ظاہر ہوجاتا ہے کہ ہم بیوقوف ہیں جو اُن کے ہر عمل کی تقلید کرتے ہیں اورپھر سمجھتے ہیں کہ ہم دنیا کے شانہ بشانہ چل رہے ہیں۔کیونکہ مغربی اقوام موجودہ دور کے ترقیافتہ اقوام کہلاتی ہیں اور وہ تمام مسائل جن کی وجہ سے ہم مشکلات اور مصائب کا شکار ہیں وہ حل کر چکی ہیں۔اور جب وہ مشکلات اور تکالیف کا شکار ہیں نہیں تو وہ کیوں نہ خوشیاں منائیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں ہر مہینے کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھونڈا جاتا ہے کہ سیرو تفریح اور سکون و راحت کا موقع ہاتھ آئے.اب ہم ایک نظر اپنے معاشرے پر ڈالتے ہیں کہ ہم کب خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ہمارے لیے سب بڑا خوشی کاموقع عیدین پر ہوتا ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ عید کے روز ہم یہ برملا سنتے رہے ہیں کہ یار عید کا مزہ نہیں اور اکثر لوگ آپس میں گفتگو کرتے ہیں تو کہتے ہیں یار آج کل کتنی سہولتیں ہیں، اور تمام نعمتیں موجود ہیں مگر دل پریشان اور بے سکون ہوتا ہے۔ امیر و غریب سب پریشانی اور ٹنشن کا شکار ہیں۔هم نے گزشتہ درجنوں سال دہشت گردی ،قتل وغارت گری اور اسلام کے نام پر ایک دوسرے کے خلاف جہاد کرنے میں گزارے تو ہم نئے سال کی خوشیاں کیوں منائیں اور کیسے منائیں؟ اور پھر دسمبرجو سال کاآخری مہینہ ہوتا ہے میں آرمی پبلک سکول کا بد ترین واقعہ پیش آیا تھا جس میں بچوں پر ہونے والے ظلم اور بربریت سے فرعون ، نمرود،ہلاکو خان اور ہٹلر جیسے بدنام ظالموں کی روحیں بھی کانپ چکی ہونگیں۔ اور ہم پھر بھی نئے سال کے لیے جھوٹی خوشیاں مناکر مبارکباد دیتے ہیں۔دسمبر ہی کیا ہم نے گزشتہ پندرہ سال مسلسل آگ اور خون میں رہ کر لاشیں اٹھانے میں گزارے مگر ہمارے نوجوان ابھی سے مبارکبادیں دے رہے ہیں کہ نئے سال کی خوشیاں مبارک ہو حالانکہ ابھی نیا سال مشکوک اور وہم وگمان کے اندھیروں میں چھپا ہوا ہے کیونکہ’’ امن‘‘ پسند امریکہ ابھی تک افغانستان میں موجود ہے اور جب تک امریکہ کسی ملک میں تشریف فرما ہوتا ہے وہاں امن و امان اور سکون کی زندگی ایک خواب ہی ہوتا ہے جس کا ثبوت عراق،شام، افغانستان، یمن بلکہ تمام اسلامی ممالک میں سب کے سامنے ہے۔دوسری طرف بھارت بھی اس کام میں کسی سے پیچھے نہیں جو امریکہ بہادرکے ایما پر افغانستان میں اپنی موجودگی ضروری سمجھتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے چاروں جانب خوف اور دہشت گردی کے مہیب سائے نظر آرہے ہیں مگر ہمارے نوجوان اب بھی کہتے ہیں کہ نیا سال مبارک ہو بلکہ وہ تو اس سے بھی آگے جاکر کہتے ہیں کہ نئے ساک کی خوشیاں مبارک ہوں ارے میرے ناداں دوستو! کونسی خوشیاں اور کہاں کی خوشیاں ؟ ہم تو ابھی تک جواں مرگ جوانوں کے جنازوں سے فارغ نہیں ہوئےهمارے کانوں میں تو یتیموں،بیواؤں اور بے سہارا رہنے والے والدین کی آہ فغان ابھی تک گونج رہی ہیں۔تو ایسے میں نئے سال کے لیے ہم کیوں خوش ہوں۔ایک اہم بات یہ کہ مغربی ممالک اگر خوشیاں منائیں تو وہ حق بجانب ہیں کیوں وہ تمام مسائل جن کے لیے روز روز یہاں پر دھرنے،جلسے جلوس اور مظاہرے کیے جاتے ہیں وہاں پر حل کیے جاچکے ہیں۔کرپشن،جھوٹ،منافقت اور اپنے ہی عوام کو بیوقوف بنانا ہمارے سیاستدانوں کا کمال ہے جن پر وہ فخر بھی کرتے ہیں کیونکہ اُن کو پتہ ہے کہ یہ عوام ویسے ہی بوقوف رہیں گے اور ہمیں ووٹ دیتے رہیں گے یہی وجہ ہے کہ ہماری اشرافیہ بھی مغرب کی تقلید کرتی ہیں اور نئے سال کی خوشیاں مناتے نظر آتے ہیں۔ کیونکہ وہ بے حسی میں درجہ اول پر ہیں۔گزشتہ سال کا اگر ہم بغور جائزہ لیں تو کوئی مہینہ ایسا نہیں ہوگا جس میں کوئی المناک واقعہ نہیں ہوا ہو۔بلوچستان میں کتنے دردناک واقعات پیش آئے جن میں شیعہ،سنی اور عیسائی سب کو نشانہ بنایا گیا۔مساجد اور جنازوں تک کو نہیں بخشا گیا۔اور سال 2017 کے آخری دن جلال آباد میں ایک جنازہ کو نشانہ بنایا گیاجس میں اٹھارہ افراد شہید کر دیے گئے۔اسی طرح مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں اور سکولوں میں دہشت گردی کی گئی جن سے انسانیت لرز اٹھی۔تو ایسے میں ہم کس منُہ سے بولیں کہ نئے سال کی خوشی مبارک ہو۔ بد قسمتی سے نہیں بلکہ بد حکمتی سے تمام عالم اسلام شدید دہشتگردی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔جبکہ الزام بھی مسلمانوں پر ہی لگایا جاتا ہے۔امریکہ بہادر کا دوہرا رویہ دنیا بھر میں دہشت گردی کا سبب ہے جس کا ایک ثبوت بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنا ہے۔دوسرا ثبوت افغانستان میں لاکھوں فوجوں اور یورپی سپورٹ کے باوجود امن قائم نہ کرنا کیا معنی رکھتا ہے صاف ظاہر ہے کہ امریکہ افغانستان میں امن قائم نہیں کرنا چاہتا کیونکہ امن قائم ہونے سے امریکہ کو واپس جانا ہوگا جبکہ وہ واپس نہیں جاناچاہتا۔اور واپس نہ جانے کے پیچھے کئی اغراض اور مقاصد ہیں۔افغانستان اور اس سے ملحقہ پختون بیلٹ گزشتہ تیس 30سالوں سے جنگ اور آگ و خون کی لپیٹ میں ہے جس سے اب تک لاکھوں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔تو ایسے میں ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں۔ہمارے نوجوان نئے سال کی رات شہروں بازاروں اور خصوصاً سمندر کے ساحل پر نکل پڑے جہاں انہوں نے ناچ گانوں اور بد مستی کا مظاہرہ کیا اسی دوران ہمارا میڈیا بھی کسی سے پیچھے نہیں رہا۔31دسمبر کی رات آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اور جاپان سے آتش بازی اور رنگارنگ پروگرام پیش کرتا رہا اور یہ سلسلہ یکم جنوری تک جاری رہا کیونکہ یورپی جشن اور رنگا رنگی بھی دکھانا ضروری تھا۔میرا مقصد یہ نہیں کہ نئے سال کی مبارکباد نہیں دینا چاہیے کیونکہ مبارباد دینے کا مقصد دعا دینا ہے کہ نیا سال بابرکت ہو مگر اس میں خوشیاں منانا اور ڈانس مستی کرنا حماقت کے سوا کچھ نہیں کیونکہ سال گزرنے سے ہماری زندگی کا ایک سال کم ہو جائے تو خوش کیسے ہو سکتے ہیں۔۔۔

نقادوں کے مشہور اقوال

December 11, 2018
•

نقادوں کے مشہور اقوال



۱. فراق نے اردو شاعری کی طاق میں ہندوستانیت اور آفاقیت کی شمع روشن کی۔ سلام سندیلوی۲. جزبی سلگتی ہوئی آتش رفتہ کا شاعر ہے۔ محمد حسن۳. قاضی عبدالودود تحقیق کے ’’ معلمِ ثانی‘‘ ہیں۔ رشید حسن خان۴. فلسفہ ہمارے دائیں ہاتھ میں، نیچرل سائنس بائیں ہاتھ میں اور کلمہ طیّبہ کا تاج ہمارے سر پر ہے۔ سر سیّد احمد خاں۵. غزل ایک نیم وحشی صنف سخن ہے۔ کلیم الدین احمد۶. جدیدیت ترقّی پسند تحریک کی توسیع ہے۔ وحید اختر۷. خیالات ماخوذ، واقفیت محدود، نظر سطہی، فہم و ادراک معمولی، غور و فکر ناکافی، تمیز ادنیٰ اور شخصیت اوسط۔ کلیم الدّین احمد نے حالی کے لئے کہا۸. غزل انتہاؤں کا ایک سلسلہ ہے۔ فراق گورکھپوری۹. غزل کی گردن بلا تکلّف اڑا دینی چاہئے۔ جوش ملیح آبادی۱۰. مغلوں نے ہمیں تین چیزیں دی ہیں تاج محل، اردو زبان اور غالب۔ رشید احمد صدّیقی۱۱. اکبر کی شاعری انکے عہد اور انکے ماحول کا آئینہ ہے۔ رشید احمد صدّیقی۱۲. اکبر کی نظر قوم کی میراث پر بھی تھی اور قوم کی تقدیر پر بھی۔ رشید احمد صدّیقی۱۳. میرے نزدیک مارواڑی عورتیں مجموعہ ہیں تین چیزوں کا گھونگھٹ، گندگی اور گہنا۔ رشید احمد صدیّقی۱۴. جوش انقلابی نہیں باغی شاعر ہیں۔ مسعود حسین خان ۱۵. اردو زبان برج بھاشا سے نکلی ہے۔ محمد حسین آزاد۱۶. ہندوستان کی الہامی کتابیں دو ہیں ایک وید اور دوسری دیوانِ غالب۔ عبد الرحمٰن بجنوری۱۷. اردو شاعری کے باغ میں ایک نیا ، سرخ پھول کھلا ہے(کیفی اعظمی)۔ سجّاد ظہیر
۱۸. اقبال کے روپ میں غالب نے دوبارہ جنم لیا تھا۔ شیخ عبد القادر۱۹. سر سید، شبلی، حالی، نظیر اور آزاد اردو کے عناصرِ خمسہ ہیں۔ مہدی افادی۲۰. مجاز انقلاب کا ڈھنڈھورچی نہیں انقلاب کا مطرب ہے۔ فیض احمد فیض۲۱. بیدی کے افسانے تراشے ہوئے ہیرے ہیں۔ آل احمد سرورؔ ۲۲. بیدی کے بیشتر افسانوں میں کہانی نہیں تھیم ہوتی ہے۔ اپیندر ناتھ اشکؔ ۲۳. میری خواہش ہے کہ ہندو اردو سیکھیں اور مسلمان ہندی۔ گاندھی جی۲۴. غالب حیوانِ ظریف ہیں۔ حالی۲۵. مثنوی سحر البیان اسم با مسمہ ہے۔ شیر علی افسوسؔ ۲۶. مثنوی زہرِعشق لکھنؤ کی سب سے اچھی مثنوی ہے۔ آل احمد سرورؔ ۲۷. غزل اردو شاعری کی آبرو ہے۔ رشید احمد صدیّقی۲۸. اردو کا آغاز دکّن سے ہوا۔ نصیر الدیّن ہاشمی۲۹. فسانہ عجائب ، الفاظ کا بھٹیار خانہ ہے۔ غالبؔ ۳۰. ہزار کوس سے بزبانِ قلم باتیں کیا کرو ہجر کے مزے لیا کرو۔ غالبؔ ۳۱. مرزا صاحب میں نے وہ اندازِ تحریر ایجاد کیا ہے کہ مراسلہ کو مکالمہ بنا دیا ہے۔ غالبؔ ۳۲. بیدی تمہاری کمزوری یہ ہے کہ تم سوچتے بہت ہو ، لکھنے سے پہلے بھی اور بعد میں بھی۔ منٹو۳۳. میر امّن کو اردو نثر میں وہی رتبہ حاصل ہے جو میر تقی میر کو شاعری میں۔ سر سیّد احمد۳۴. قیامت کے روز خدا مجھ سے پوچھیگا کہ دنیا سے کیا لائے ہو تو میں کہوں گا کہ حالی سے مسدّس لکھوا کر لایا ہوں۔ سر سیّد احمد۳۵. اردو میں تنقید کا وجود فرضی ہے۔ کلیم الدین احمدؔ ۳۶. یہ شخص(اقبال) مجھے ٹیگور اور شیکسپئر سے کئی ہزار فٹ اونچا نظر آتا ہے۔ خواجہ حسن نظامی


شاعری

December 06, 2018
•

شاعری

     شاعری (Poetry) کا مادہ "شعر" ہے اس کے معانی کسی چیز کے جاننے پہچاننے اور واقفیت کے ہیں۔ لیکن اصطلاحاً شعر اس کلامِ موزوں کو کہتے ہیں جو قصداً کہا جائے۔ یہ کلام موزوں جذبات اور احساسات کے تابع ہوتا ہے۔ اور کسی واقعہ کی طرف جاننے کا اشارہ کرتا ہے۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ نے کوئی حادثہ دیکھا ہو اور وہ آپ کے دل پر اثر کر گیا ہو اور آپ کے اندر سے خود بخود الفاظ کی صورت میں ادا ہو جائے اس اثر کے بیان کو شعر کہتے ہیں اور انہی شعروں کو شاعری کے نام سے جانا جاتا ہے۔ 

   ( موزوں الفاظ میں حقائق کی تصویر کشی کو شاعری کہتے ہیں۔) 

     شعر تعبیر ہے تخیل ہے اسی لیے لاکھوں موزوں کلام ایسے ہیں جو شعر نہیں۔۔۔ شعر کا پہلا عنصر وزن ہے اور دوسرا عنصر خیال حقیقت کو وزن اور خیال کے سانچے میں ڈھالنا کمال سخنوری ہے۔

فہرست

1 تفصیل
2 اجزائے شاعری
2.1 شعر
2.2 بیت الغزل
2.3 غزل
2.4 فرد
2.5 حمد
2.6 ہجو
2.7 مصرع
2.8 مطلع
2.9 مقطع
2.10 مدح
2.11 منقبت
2.12 مثنوی
2.13 مناجات
2.14 مسدس
2.15 نعت
2.16 نظم
2.17 پابند نظم
2.18 ثلاثی
2.19 قافیہ
2.20 ردیف
2.21 قصیدہ
2.22 قطعہ
2.23 رباعی
2.24 ماہیا
2.25 سلام
2.26 سہرا
2.27 تحت اللفظ
2.28 تخلص
2.29 واسوخت
2.30 گیت
2.31 قوالی
2.32 تلمیح
3 بیرونی زبانوں کی ہئیتیں
3.1 معریٰ نظم
3.2 آزاد نظم
3.3 سانیٹ
3.4 پرونیٹ
3.5 ترائیلے
3.6 ہائیکو
3.7 نثری شاعری
4 مذہبی حیثیت
4.1 اسلام

تفصیل

شاعری کسی بھی انسان کے لیے اپنے احساسات و جذبات اور مشاہدات و تجربات کی عکاسی کا نام ہے کوئی بھی انسان ہو وہ ہر وقت کسی نہ کسی چیز یعنی قدرت کی تخلیق کردہ اشیا کے مشاہدے میں یا اپنی ایجادات اور تخلیقات میں مصروف رہتا ہے اور سوچ میں گم رہتا ہے ہر انسان اپنے نظریے سے سوچتا ہے لیکن حساس لوگ کا مشاہدہ بہت ہی گہرا ہوتا ہے شاعری کا تعلق بھی حساس لوگوں کے ساتھ زیادہ ہے لیکن اِن مشاہدات و خیالات اور تجربات کے اظہار کرنے کا طریقہ سب کا الگ الگ ہے کچھ لوگ اس کو عام باتوں کی طرح سے یعنی گفتگو سے ظاہر کرتے ہیں کچھ لوگ اس کو لکھ کر یعنی نثر کی صورت میں بیان کرتے ہیں جن کو مضمون، ناول نگاری، افسانوں اور کہانیوں کے زمرے میں رکھا جاتا ہے اور کچھ لوگ مختلف فنون جیسے مجسمہ سازی، سنگ تراشی، نقش نگاری اور فنِ مصوری کے ذریعے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہیں اور کچھ لوگوں کے خیالات کے اظہار کا ذریعہ شاعری ہوتا ہے۔ شاعری بہت سی زبانوں میں کی جاتی ہے ہر زبان کے اپنے اصول ہیں لیکن لفظ شاعری صرف اُردو زبان کے لیے مخصوص ہے شاعر اپنے خیالات و مشاہدات اور احساسات و تجربات کو اپنے تخیل کے سانچے میں ڈھال کر اُسے اک تخلیق کی صورت میں اخذ کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ اپنی سوچ کو دوسرے لوگوں تک ہو بہو اسی طرح پہنچا دے جس طرح وہ سوچتا ہے اس طرح تخلیق کار کو اطمینان ملتا ہے صدیوں سے لوگ اپنے خیالات کا اظہار کرتے چلے آ رہے ہیں آج بھی تاریخی عمارات و مقامات پہ بنے نقش و نگار آثار قدیمہ سے ملنے والی اشیا سے گذشتہ زمانوں کے لوگوں کے خیالات اور حالات و واقعات کی عکاسی ملتی ہے جس سے موجودہ زمانے کے لوگ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اُس دور میں لوگوں کے حالات زندگی اور اُنکا رہن سہن کیسا تھا یہی وجہ ہے کہ ہر دور کے شعرا کی تحریروں سے ان کے زمانے کے حالات و واقعات کی عکاسی ملتی ہے۔ شاعری کی بہت سی اقسام ہیں۔ صنف غزل قدیم اصناف سخن میں سے ایک ہے اور یہ ایک مخصوص اندازِ تحریر ہے جو شاعری کے ساتھ منسوب ہے جس کے اصولوں پہ فارسی اور پنجابی زبانوں میں شاعری لکھی جاتی ہے لیکن لفظ غزل صرف اردو شاعری کے مخصوص ہے شاعری کی مشہور اصناف میں حمد نعت مثنوی مسدس نظم پابند نظم آزاد نظم قصیدہ رباعی سلام گیت سرِ فہرست ہیں اُردو شاعری کے سب سے بڑے شاعر تاریخ میں برصغیر ہندوستان میں ملتے ہیں جن میں میر تقی میر، مرزا اسد اللہ خاں غالب، داغ دہلوی اور بہادر شاہ ظفر کے نام سرِفہرست ملتے ہیں تقسیمِ ہندوستان کے بعد بہت سے مشہور شعرا کا تذکرہ ملتا ہے جن میں برصغیر پاک و ہند کے شعرا شامل ہیں ان شعرا میں سب سے مشہور علامہ محمد اقبال، فیض احمد فیض، حسرت موہانی، ابنِ انشا، حبیب جالب، شکیب جلالی، ناصر کاظمی، محسن نقوی،احمد فراز، منیر نیازی، پروین شاکر، قتیل شفائی کے نام ملتے ہیں۔

اجزائے شاعری

شاعری میں مندرجہ ذیل اجزائے ترکیبی ہو سکتے ہیں۔

شعر
شعر غزل کے ایک حصے کو کہتے ہیں۔ شعر کی سطر کو مصرع کہا جاتا ہے، اشعار پہ مشتمل مجموعہ کو غزل کہتے ہیں ایک شعر میں دو مصرعے ہوتے ہیں۔ پہلے مصرعے کو مصرع اولیٰ اور دوسرے کو مصرع ثانی کہتے ہیں غزل میں موجود اشعار کے مختلف نام ہیں پہلے شعر کو مطلع کہا جاتا ہے جس کے دونوں مصروں میں قافیہ اور ردیف استعمال ہوتا ہے غزل کے آخری شعر کو مقطع کہا جاتا ہے جس کے پہلے مصرعے میں اکثر شاعر اپنا تخلص استعمال کرتے ہیں اور دوسرے مصرعے میں قافیہ کے ساتھ ردیف کا استعمال کیا جاتا ہے مطلع اور مقطع کے درمیان موجود غزل کے تمام اشعار (ہرایک شعر کو) کو بیت کہتے ہیں۔

بیت الغزل

غزل کے سب سے بہترین شعر کو بیت الغزل کہتے یہں۔ مثلاً: مجروح سلطان پوری کا ایک شعرملاحظہ کریں:
میں اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا۔

غزل

 تفصیلی مضمون کے لیے غزل ملاحظہ کریں۔
غزل کا لفظ غزال سے نکلا ہے اور غزال ہرن کو کہتے ہیں غزل "ہرن کے گلے سے نکلنے والی اُس آواز کو کہا جاتا ہے جب وہ شیر کے خوف سے بھاگ رہی ہوتی ہے غزل کے لغوی معنی عورتوں سے باتیں کرنا یا عشق و محبت کا ذکر کرنا بھی بتایا گیا ہے۔

اشعار پہ مشتمل مجوعہ غزل کہلاتا ہے اک غزل کو تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے پہلے حصلے کو مطلع کہا جاتا ہے جس میں دو مصرعے ہوتے ہیں پہلے مصرع کو مصرع اولیٰ اور دوسرے مصرع کو مصرع ثانی کہتے ہیں مطلع کے دونوں مصروں میں قافیہ اور ردیف استمال ہوتا ہے لیکن کسی غزل میں ردیف لازی جز نہیں ہے قافیہ کے بعد اگر ردیف نہ بھی لکھا جائے تو کوئی قید نہیں
غزل کے دوسرے حصے کو مقطع کہا جاتا ہے جس کے پہلے مصرعے یعنی مصرع اولیٰ میں اکثر شاعر اپنا تخلص استمال کرتا ہے اور دوسرے مصرعے یعنی مصرع ثانی میں قافیہ اور ردیف استعمال ہوتا ہے
غزل کے تیسرے حصے کو اشعار کہا جاتا ہے یعنی مطلع اور مقطع کے درمیاں والے مصروں کو اشعار کہتے ہیں
غزل کے کم از کم اشعار کی تعداد پانچ ہوتی ہے اس سے زیادہ اشعار لکھنے کی کوئی قید نہیں لیکن 11 اشعار موزوں جانے جاتے ہیں۔

فرد

شاعری میں ایک اکیلے شعر کو فرد کہتے ہیں۔

حمد

 تفصیلی مضمون کے لیے حمد ملاحظہ کریں۔
حمد ایک عربی لفظ ہے،جس کے معنی ’’تعریف‘‘ کے ہیں۔ اللہ کی تعریف میں کہی جانے والی نظم کو حمد کہتے ہیں۔

ہجو

 تفصیلی مضمون کے لیے ہجو ملاحظہ کریں۔
ایسا کلام یا ایسی نظم، خواہ کسی بھی ہیئت میں ہو، جس میں کسی کی مخالفت میں اس پر طنز کیا جائے یا اس کا مذاق اڑایا جائے۔

مصرع

شعر کی ایک سطر کو مصرع کہتے ہیں۔

مطلع

کسی بھی غزل کا (شاعری) میں پہلے شعر کو مطلع یا حسن مطلع کہتے ہیں جس کے دونوں مصرعے ہم قافیہ اور ہم ردیف ہوتے ہیں۔

مقطع

مقطع کے معنی قطع کرنے کے ہیں چونکہ شاعر اپنی شاعری کا اختتامی شعر میں اپنا تخلص استعمال کرتا ہے، اسی آخری شعر کو اسے مقطع کہا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر نجؔف شیرازی کا مقطع دیکھیں جب سے دیکھا تجھے حال یہ ہے مرا مجھ کو کہتا ہے پاگل زمانہ نجؔف

مدح

 تفصیلی مضامین کے لیے قصیدہ#مدح  اور مدح ملاحظہ کریں۔
مدح کے معنی تعریف و توصیف کے ہیں اور یہ عموماً قصیدہ میں استعمال کیا جاتا ہے۔ قصیدے کا سب سے ضروری جز مدح سرائی ہے۔ اور اسی پر قصیدے کی بنیا د ہوتی ہے۔ عربی قصائد میں مدح حقیقت اور واقعیت سے بھر پور ہوتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جب ایک عرب شاعر کو کسی نے اپنی مدح پر مجبور کیا تو اس نے جواب دیا کہ ” تم کچھ کرکے دکھاؤ تو میں تمہاری مدح کروں۔“

منقبت

 تفصیلی مضمون کے لیے منقبت ملاحظہ کریں۔
اشعار کے ذریعے کسی کی تعریف کرنے کو منقبت کہتے ہیں لیکن یہ لفظ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی تعریف میں لکھے ہوئے اشعار کو کہا جاتا ہے۔

مثنوی

 تفصیلی مضمون کے لیے مثنوی ملاحظہ کریں۔
مثنوی کا لفظ، عربی کے لفظ ”مثنیٰ “ سے بنا ہے اور مثنیٰ کے معنی دو کے ہیں۔ اصطلاح میں ہیت کے لحاظ سے ایسی صنفِ سخن اور مسلسل نظم کو کہتے ہیں جس کے شعر میں دونوں مصرعے ہم قافیہ ہوں اور ہر دوسرے شعر میں قافیہ بدل جائے، لیکن ساری مثنوی ایک ہی بحر میں ہو۔ مثنوی میں عموماً لمبے لمبے قصے بیان کیے جاتے ہیں نثر میں جو کام ایک ناول سے لیا جاتا ہے، شاعری میں وہی کام مثنوی سے لیا جاتا ہے، یعنی دونوں ہی میں کہانی بیان کرتے ہیں۔ مثنوی ایک وسیع صنفِ سخن ہے اور تاریخی، اخلاقی اور مذہبی موضوعات پر کئی ایک خوبصورت مثنویاں کہی گئی ہیں۔ مثنوی عموماً چھوٹی بحروں میں کہی جاتی ہے اور اس کے لیے چند بحریں مخصوص بھی ہیں اور شعرا عموماً اس کی پاسداری کرتے ہیں لیکن مثنوی میں شعروں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہے، کچھ مثنویاں تو کئی کئی ہزار اشعار پر مشتمل ہیں۔

مناجات

 تفصیلی مضمون کے لیے مناجات ملاحظہ کریں۔
مناجات کا مطلب ہے دعا وغیرہ۔ زبانوں کے اختلاف کو الگ رکھ کر اگر ہم تمام مذاہب کی الہامی کتب کا غور و فکر کے ساتھ مطالعہ کریں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ مذاہبِ عالم میں جو دعائیں اور حمدیں پڑھی جاتی ہیں ان کے معنی اور مفہوم میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے، چاہے ہم اسے حمد کہیں، ہندوآرتی، بدھسٹ وندنا، یہودی سالم، پارسی یاسنا یہودی و مسیحی افراد اپنی ہر دعا اور حمد کی ابتداءاور آخر میں ”ہالّے لُو یاہ“ Hallelujah پکارتے ہیں۔ ”ہالّے لُو“ یعنی حمد کرو ”یاہ“ لفظ یہواہ یعنی خدا کا مخفف ہے۔ ہالّے لُو یاہ کے لغوی معنی ہیں خدا کی حمد کرو۔ عربی میں اس کا ترجمہ ”الحمدﷲ“ ہوگا۔ اسی طرح ہندی میں بولا جانے والا لفظ ”ہری اُوم“ یا ”ہرے اوم“ کے لغوی معنی بھی الحمدﷲ کے ہیں۔ سنسکرت زبان کے لفظ اوم ` کے لغوی معنی ایسی ہستی اور نور کے ہیں جو کائنات کی وسعتوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ ظاہر ہے یہاں کائنات پر محیط اس ہستی سے مراد اﷲ ہی ہے اور ہری یا ہرے حمد و ثنا کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اسی طرح اہلِ ہنود ہر روز صبح جو آرتی (حمد) پڑھتے ہیں ”اوم جے جگدیش ہرے“ اگر اس کا ترجمہ کیا جائے تو سورۃ فاتحہ کی پہلی آیت آپ کے ذہن میں گونجنے لگے گی ”اوم`“ کے معنی اﷲ کے ہیں ”جے“ کہتے ہیں کسی شے کے مالک، رب اور پروردگار کو ”جگدیش“ کا مآخذ جگ ہے جس کے معنی عالم کے ہیں۔ جگدیش کے معنی عالمین اور کائنات کے ہیں اور ”ہرے“ حمد کے ِلیے استعمال ہوتا ہے۔ چنانچہ ”اوم جے جگدیش ہرے“ کا ترجمہ ہوگا اﷲ رب العامین کی حمد کرو یعنی الحمد اﷲ رب العالمین!

مسدس

مسدس چھ شعروں کے ایک قطعہ پر مشتمل شاعری کو کہتے ہیں۔ سب سے مشہور مسدس مسدس حالی ہے۔

نعت

 تفصیلی مضمون کے لیے نعت ملاحظہ کریں۔
پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی مدحت، تعریف و توصیف، شمائل و خصائص کے نظمی اندازِ بیاں کو نعت یا نعت خوانی یا نعت گوئی کہا جاتا ہے۔ عربی زبان میں نعت کے لیے لفظ "مدحِ رسول" استعمال ہوتا ہے۔ اسلام کی ابتدائی تاریخ میں بہت سے صحابہ اکرام نے نعتیں لکھیں اور یہ سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے۔ نعتیں لکھنے والے کو نعت گو شاعر جبکہ نعت پڑھنے والے کو نعت خواں یا ثئاء خواں بھی کہا جاتا ہے۔

نظم

 تفصیلی مضمون کے لیے نظم ملاحظہ کریں۔
نظم سے مراد ایسا صنف سخن ہے جس میں کسی بھی ایک خیال کو مسلسل بیان کیا جاتا ہے۔ نظم میں موضوع اور ہیئت کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوتی۔

پابند نظم

پابند نظم اس نظم کو کہتے ہیں جس میں ردیف، قافیہ اور بحر کے مقررہ اوزان کی پابندی کی جاتی ہے۔ پابند نظم میں نہ موضوعات کی قید ہوتی ہے اور نہ اشعار کی تعداد کی۔ شاعر کسی بھی موضوع پر اور کتنی ہی تعداد میں اشعار کہہ سکتا ہے۔ بعض شاعروں نے چار چھہ اشعار پر مشتمل پابند نظمیں بھی کہی ہیں۔ اردو شاعری کا پڑا حصہ پابند نظموں پر مشتمل ہے۔

ثلاثی

ثلاثی کو مثلث اور تثلیث بھی کہاجاتا ہے۔ یہ تین مصرعوں پر مشتمل صنف سخن ہے جس کے تینوں مصرعے برابر ہوتے ہیں۔ البتہ دبھی پہلا اور دوسرا،دبھی پہلا اور تیسرا اور کبھی تینوں مصرعے ہم قافیہ ہوتے ہیں اور یہ تینوں مصرعے مل کر ایک اکای بنتے اور مثلث کہلاتے ہیں۔ یہ اکاءی ایک مکمل معنوی نظام کی حامل ہوتی ہے اور کئی تین مصرعوں کی اکائیاں مل کر بھی مثلث کہلاتی ہیں۔ اردومیں ثلاثی ایک باقاعدہ فنی ہیہت کی حیثیت سے مقبول رہی ہے۔

قافیہ

 تفصیلی مضامین کے لیے علم عروض#قافیہ  اور قافیہ ملاحظہ کریں۔
قافیہ کا لفظ 'قفا' یا 'قفو' سے مشتق ہے اور اس کے لغوی معنی 'پیچھے آنا والا' یا 'پیرو کار' کے ہیں، چونکہ عربی شاعری میں شعر کا اختتام قافیہ پر ہوتا ہے اس لیے اسے یہ نام دیا گیا، واضح رہے کہ فارسی اور اردو شاعری میں ضروری نہیں کہ شعر کا اختتام قافیے پر ہو، بلکہ زیادہ تر شعر کا اختتام ردیف پر ہوتا ہے جو فارسی شاعروں کی ایجاد ہے اور عربی شاعری میں مستعمل نہیں۔

اصطلاح میں قافیہ حروف اور حرکات کے اس مجموعے کو کہتے ہیں جس کی تکرار مختلف الفاظ کے ساتھ شعر کے آخر یا ردیف سے پہلے آئے جیسے دمَن، چمَن، زمَن یا دِل، محفِل، قاتِل وغیرہ الفاظ کو ہم قافیہ کہا جائے گا۔

ردیف

 تفصیلی مضمون کے لیے ردیف ملاحظہ کریں۔
ردیف کے لغوی معنی ہیں "گھڑ سوار کے پیچھے بیٹھنے والا"۔ شعری اصطلاح میں ردیف سے مراد وہ لفظ یا الفاظ کا مجموعہ ہے جو قافیے کے بعد مکرر آئیں اور بالکل یکساں ہوں۔ ردیف کا ہر مصرعے میں ہونا لازمی نہیں ہے۔ عام طور پر یہ غزل کے اشعار میں مصرعۂ ثانی میں دہرائے جاتے ہیں۔

قصیدہ

 تفصیلی مضمون کے لیے قصیدہ ملاحظہ کریں۔
لفظ قصیدہ عربی لفظ قصد سے بنا ہے اس کے لغوی معنی قصد (ارادہ ) کرنے کے ہیں۔ گویا قصیدے میں شاعر کسی خاص موضوع پر اظہار خیال کرنے کا قصد کرتا ہے اس کے دوسرے معنی مغز کے ہیں یعنی قصیدہ اپنے موضوعات و مفاہیم کے اعتبار سے دیگر اصناف ِ شعر کے مقابلے میں وہی نمایاں اور امتیازی حیثیت رکھتا ہے جو انسانی جسم و اعضاءمیں مغز کو حاصل ہوتی ہے فارسی میں قصیدے کو چامہ بھی کہتے ہیں۔

قطعہ

قطعہ شاعری کی ایک صنف ہے یہ چار مصرعوں پر مشتمل ہوتا ہے اس کے پہلے مصرع میں قافیہ یا ردیف کی کوئی قید نہیں ہے لیکن دوسرے مصرعے میں قافیہ لازمی موجود ہوتا ہے اس کے بعد اگر ردیف بھی لگا دیا جائے تو مصنف کی مرضی ہے ورنہ ردیف کے بغیر بھی قطعہ کے اصول مکمل ہو جاتے ہیں لیکن قافیہ ضروری ہے پہلے دو مصرعوں کے بعد تیسرا مصرع آتا ہے اُس میں بھی قافیہ اور ردیف کی کوئی قید نہیں لیکن چوتھے اور آخری مصرعے میں دوسرے مصرعے کا ہم آواز قافیہ ضروری ہوتا ہے اور دوسرے مصرعے کے مطابق اگر قافیہ کے ساتھ ردیف ہے تو وہی ریف چوتھے مصرعے میں قافیہ کے بعد اس طرح لکھا جاتا ہے اس کے علاوہ قطعہ اس طرح بھی لکھا جاتا ہے کہ پہلے دونوں مصرعوں میں قافیہ یا قافیے کے ساتھ ردیف لگایا جائے مگر تیرے مصرعے کو قافیہ اور ردیف سے آزاد رکھا جائے مگر آخری مصرعے میں یعنی چوتھے مصرع میں پہلے دو مصرعوں کا ہم آواز قافیہ اور وہی دریف لگایا جاتا ہے

رباعی

 تفصیلی مضمون کے لیے رباعی ملاحظہ کریں۔
رباعی عربی کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی چار چار کے ہیں۔ شاعرانہ مضمون میں رباعی اس صنف کا نام ہے جس میں چار مصرعوں میں ایک مکمل مضمون ادا کیا جاتا ہے۔ رباعی کا وزن مخصوص ہے، پہلے دوسرے اور چوتھے مصرعے میں قافیہ لانا ضروری ہے۔ تیسرے مصرعے میں اگر قافیہ لایا جائے تو کوئی عیب نہیں۔ اس کے موضوعات مقرر نہیں۔ اردو فارسی کے شعرا نے ہر نوع کے خیال کو اس میں سمویا ہے۔ رباعی کے آخری دو مصرعوں خاص کر چوتھے مصرع پر ساری رباعی کا حسن و اثر اور زور کا انحصار ہے۔ چنانچہ علمائے ادب اور فصحائے سخن نے ان امور کو ضروری قرار دیا ہے۔ بعض نے رباعی کے لیے چند معنوی و لفظی خصوصیات کو بھی لازم گردانا ہے۔ عروض کی مختلف کتابوں میں رباعی کے مختلف نام ہیں۔ رباعی، ترانہ اور دو بیتی بعض نے چہار مصرعی، جفتی اور خصی بھی لکھا ہے۔

ماہیا

ماہیا، پنجابی شاعری کی صنف اور پنجابی تہذیب کا حصہ ہے۔ ’’ماہیے ‘‘ بھی گائے جاتے ہیں۔ اس کا صحیح عمل دو اوزان پر مشتمل ہے جو یہ ہے 1۔ فعلن فعلن فعلن /فعلن فعلن فع / فعلن فعلن فعلن 2۔ مفعول مفاعیلن /فعل مفاعیلن / مفعول مفاعیلن دوسرے مصرعے میں ایک سبب کم ہوتا ہے۔ اگر تینوں مصرعے برابر ہوجائیں تو بھر ثلاثی ہو جائے گا۔ اردو میں ماہیوں کی روایت 1939 سے ملتی ہے۔

سلام

یہ نظم کی ایک قسم ہے جو زیادہ تر شہداء کربلا کے مدح میں لکھی جاتی ہے۔

سہرا
شادی کے موقع پر دلہا کے لیے گائے جانے والے گیت کو سہرا کا نام دیا جاتا ہے۔

تحت اللفظ

بغیر ترنم کے شاعری کی ادائیگی کو تحت اللفظ کہا جاتا ہے۔

تخلص

 تفصیلی مضمون کے لیے تخلص ملاحظہ کریں۔
وہ قلمی مختصر نام جو شاعر یا ادیب اپنے اصل نام کی بجائے رکھ لیتے ہیں۔

واسوخت

واسوخت محبوب کے بے وفائی یا لاپروائی کے بیان کے لیے لکھی جانے والی شاعری کو کہتے ہیں۔

گیت

 تفصیلی مضمون کے لیے گیت ملاحظہ کریں۔
گیت ہندی الاصل صنف شاعری ہے۔ اردو پر ہندی کے جو اثرات ترتیب پائے ہیں اس کا ایک نتیجہ گیت بھی ہے جس کو اردو میں بغایت مقبولیت حاصل ہوچکی ہے۔ اردو میں گیت ہندی بحروں ہی میں لکھے جاتے ہیں۔ نظم کی طرح گیت میں کسی موضوع کی کوئی پابندی نہیں۔ اس میں ہر نوع کے موضوع پرطبع آزماءی کی جاسکتی ہے۔ گیت مٰں محبت اور نغمگی کے عناصر کی آمیزش ہوتی ہے اور اس کا مزاج ان عناصر سے تشکیل پاتا ہے جن میں نسائیت ہوتی ہے۔ غنائیت گیت کے لیے لازمی ہے اور ترنم، جھنکار اور تھاپ اس کی خصوصیات ہیں۔ اس کا اپنا ایک تہذیبی مزاج ہے۔ گیت سروں کی ایک ایسی لہر ہوتی ہے جس میں انسانی آواز بھی شامل ہو اور وہ گیت کے بول گائے۔ گیت کو گایا جاتا ہے اور انسانی آواز جو سر میں ادا کی جاتی ہے، اس کے ساتھ آلات موسیقی کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔

قوالی

قوالی موسیقی کی ایک قسم ہے لیکن موسیقی کی اس قسم کو لوگوں تک پیغام پہنچانے اور اُس کے زیادہ اثر انداز ہونے کا اک منفرد اور انوکھا ذریعہ سمجھا جاتا ہے قوالی کی زیادہ تر تاریخ برصغیر ہندوستان میں تصوف سے جا ملتی ہے کہا جاتا ہے قوالی کے سب پہلے خالق امیر خسرو تھے جن کا شمار صوفیوں میں ہوتا ہے ان کو آلاتِ موسیقی سے خاصی دلچسپی تھی اور انہوں نے ہی قوالی کی بنیاد رکھی شعرا کے مطابق عام کہی گئی بات کی نسبت شاعری میں کہی گئی بات زیادہ دل پہ اثرانداز ہوتی ہے اور اسی طرح شاعری اگر آلات موسیتی کے ساتھ ملا کر موسیقی کی شکل میں ہو تو اور بھی زیادہ دل پہ اثر کرتی ہے اور لوگ اُسے توجہ سے سنتے ہیں لہذا تصوف کے دور میں قوالی کی بنیاد پڑی جس کا مقصد اشاعتِ اسلام تھا تاکہ لوگ صوفیائے کرام کے کلام کو یعنی انکی شاعری کو دلچسپی کے ساتھ سنیں اور اس کا اثر لیں تاریخ سے ملتا ہے قوالی صوفیائے کرام کے آستانوں پہ ہوا کرتی تھی جسے لوگ شوق سے آ کر سنا کرتے تھے یہی وجہ ہے آج بھی قوالی درباروں کے ساتھ منسوب ہے قوالی پڑھنے والے کو قوال کہا جاتا ہے سب سے زیادہ مشہور قوال برصغیر پاک و ہند میں ملتے ہیں جن میں سب سے مشہور قوالوں کا تعلق پاکستان سے ہے پاکستان کی سر زمین نے بہت سے مشہور قوالوں کو جنم دیا جن میں فتح علی خان، نصرت فتح علی خان، غلام فرید مقبول صابری، بدر میاں داد، عزیز میاں قوال کا نام سرفہرست ملتا ہے۔

تلمیح

 تفصیلی مضمون کے لیے تلمیح ملاحظہ کریں۔
تلمیح کے لغوی معنی ہیں اِشارہ کرنا۔ شعری اصطلاح میں تلمیح سے مراد ہے کہ ایک لفظ یا مجموعہ الفاظ کے ذریعے کسی تاریخی، سیاسی، اخلاقی یا مذہبی واقعہ کی طرف اشارہ کیا جائے۔ تلمیح کے استعمال سے شعر کے معنوں میں وُسعت اور حسن پیدا ہوتا ہے۔ مطالعہ شعر کے بعد پورا واقعہ قاری کے ذہن میں تازہ ہو جاتا ہے۔

بیرونی زبانوں کی ہئیتیں

اردو میں کئی ایسی ہئیتیں بھی ہیں جو بیرونی زبانوں سے بھی الفاظ، اصناف، اسالیب اور آداب کے تعلق سے لین دین کیا ہے جس سے اردو کے شعری سرمایہ میں یقینأ اضافہ ہوا ہے۔

معریٰ نظم

معریٰ نظم ایسی نظم کو کہتے ہیں جس میں وزن بھی ہوتا ہے اور ارکانِ بحر کی پابندی بھی کی جاتی ہے۔ البتہ اس میں قافیہ اور ردیف سے کام نہیں لیا جاتا

آزاد نظم

مغربی ہیئت میں آزاد نظم کو بہت مقبولیت حاصل ہے۔ اس میں قافیہ ردیف کی پابندی نہیں ہوتی، بحر کی بھی پابندی نہیں ہوتی البتہ بحر کے ارکان اور اس کے اوزان یا صوتی بندشوں کی پابندی ہوتی ہے فرق صرف اتنا ہے کہ معریٰ نظم میں بحر کے مقررہ اوزان استعمال ہوتے ہیں جبکہ آزاد نظم میں ارکان بحر کی تعداد ہر مصرعے میں متعین نہیں ہوتی جس کی وجہ سے مصرعے چھوٹے بڑے ہوجاتے ہیں۔

سانیٹ

سانیٹ مغربی شاعری کی ایک قدیم صنف ہے اور یہ چودہ مصرعوں کی ایک ایسی نظم ہے جس میں ایک بنیادی جذبہ یا خیال کو دو بندوں میں پیش کیا جاتا ہے۔ پہلے بند میں آٹھ اور دوسرے بند میں چھہ مصرعے ہوتے ہیں۔ پہلے بند میں خیال کا پھیلاؤ ہوتا ہے اور دوسرے میں اس کی تکمیل کی جاتی ہے۔ کہیں کہیں پہلا بند بارا مصرعوں پر دوسرا بند دو مصرعوں پر مشتمل ہوتا ہے مگر چودہ مصرعوں کی پابندی ضروری ہے۔ اس میں قافیوں کی ترتیب بدلتی رہتی ہے ۔

پرونیٹ

پرونیٹ: سانٹ کی طرز پر لکھی چودہ لائینوں کی نظم ہے ـ جس کی لائنیں کسی میٹر / بحر کی پابند نہیں -

ترائیلے

فرانسیسی شاعری کی ایک مقبول صنف ترائیلے ہے۔ یہ ایک طرح کا بند ہے اس ایک ہی بند میں نظم مکمل ہوجاتی ہے۔ یہ ایک اٹھ مصروں پر مشتمل نظم ہوتی ہے اس میں صرف دو قافیے ہوتے ہیں۔ اور اس کی ایک خاص ترتیب ہوتی ہے۔ اس کی ترتیب اس طرح ہے الف،ب،الف، الف ،الف، ب،الف، ب۔ اس میں پہلا، تیسرا، چوتھا، پانچواں، ساتواں / دوسرا، چھٹا، آٹھواں ہ قافیہ ہوتے ہیں۔

ہائیکو

یہ ایک قدیم جاپانی صنف ہے۔ اس صنف کو اردو اور انگریزی سے اپنا یا گیا ہے۔ اس میں صرف تین مصرعے ہوتے ہیں مگر شرط یہ ہے کہ ان تینوں مصرعوں کے جملہ ارکان (syllable) سترہ ہوں ان کی ترتیب یوں ہونی چاہیے۔


نثری شاعری

انگریزی کی ایک صنف prose poetry کی تقلید میں اردو میں اس صنف کو اپنایا گیا۔ اس شاعری میں بحر ردیف، قافیہ، وزن کی پابندی کی قید نہیں ہوتی۔ اس میں ایک آہنگ ضرور ہوتا ہے اس کی وجہہ سے اس میں ایک غنائی کیفیت اور شاعری کا رنگ نظر آتاہے۔

مذہبی حیثیت

اسلام

اسلام میں شعرا کی کچھ اقسام کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔ سورۃ الشعرا میں شاعروں کی پیروی سے منع کیا گیا ہے۔ سورۃ الشعرا کی آیت 224 میں شعرا کو بھٹکے ہوئے لوگ کہا گیا ہے۔ ان کی پیروی کرنے والوں کو بھی بہکے ہوئے لوگ کہا گیا ہے۔


علامہ اقبال کی شاعری

December 05, 2018
•


لکھنا نہیں آتا تو میری جان پڑھا کر
ہو جائے گی تیری مشکل آسان پڑھا کر

پڑھنے کے لئے تجھ کو اگر کچھ نہ ملے تو
چہروں پہ لکھے درد کے عنوان پڑھا کر

لا ریب تیری روح کو تسکین ملے گی
تو قرب کے لمحات میں قرآن پڑھا کر

پیدا ہو تیرے بحر کی موجوں میں تلاطم
تو حضرت اقبال کے دیوان پڑھا کر

آ جائے گا اقبال تجھے جینے کا قرینہ
تو سرور کونین (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم( کے فرمان پڑھا کر

اردو اصناف سخن میں قصیدہ کا مقام

اردو اصناف سخن میں قصیدہ کا مقام

قصیدہ نگاری کی ابتداء عربی زبان میں ہوئی ۔ اہل عرب عکاظ کے میلہ میں جمع ہوتے اور اپنے لکھے ہوئے قصائد سناتے ۔ ان قصیدوں میں سے 7 قصائد کو چن کر کعبہ شریف کی دیوار پر چسپاں کیا جاتا تھا ۔ اقوام عالم کی زبانوں میں عربی کو فصیح اور بلیغ زبان تصور کیا جاتا ہے ۔ اسی لئے آخری صحیفۂ آسمانی بھی اسی زبان میں اتارا گیا ۔ عرب شعراء بڑے قادرالکلام ہوا کرتے تھے ۔ وہ گھوڑے کی پشت پر سوار ہو کر دس ، بیس میل کی مسافت طے کرتے اور اسی دوران قصیدہ کے اشعار مکمل کرلیتے تھے ۔ عرب خود کو بولنے والا اور دیگر تمام ممالک کو عجمی یعنی گونگا کہا کرتے تھے ۔ جب عکاظ کے میدان میں لوگ قصیدے لکھ کے لاتے اور چیدہ قصیدوں کو کعبہ کی دیوار پر لٹکادیا جاتا تھا جس کا مقصد یہی تھاکہ اس سے بہتر کلام پیش کرنے کی صلاحیت والوں کو چیلنج کیا جائے ۔

عربی سے قصیدہ کی صنف فارسی میں اور فارسی سے اردو ادب میں مقبول ہوئی ۔ قصیدہ عربی کے لفظ قصد سے مشتق ہے ۔ قصد کے معنی ارادہ کے ہیں اور قصیدہ بالارادہ لکھی جانے والی شاعری ہے ۔ قصیدہ ایسی صنف سخن کو کہا جاتا ہے جو کسی کی تعریف میں بالارادہ لکھی جائے ۔ اگر تعریف میں قصیدہ لکھا جاتا ہے تو وہ مدحیہ قصیدہ کہلاتا ہے اور اگر مذمت میں لکھا جائے تو ہجویہ قصیدہ کہلاتا ہے ۔ قصیدہ میں پرشکوہ الفاظ کا استعمال کیا جاتا ہے اور عام طور پر الفاظ معرب اور مفرس استعمال کئے جاتے ہیں ۔ مبالغہ قصیدہ کا لازمی جزو قرار دیا جاتا ہے ۔ غالب نے بہادر شاہ ظفر کی مدح میں قصیدہ لکھا تھا جس سے مبالغہ کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔

تم سلامت رہو ہزار برس
ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار
قصیدہ کے اجزائے ترکیبی میں تشبیب ، گریز ، مدح اور دعا کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور انہیں فنی طور پر قبول کیا جاتا ہے ۔
تشبیب : تشبیب میں۲ ، ۴ ، ۶ یا ۸ یا اس سے بھی زائد بند لکھے جاتے ہیں ۔ قصیدہ کے پہلے حصے یعنی تشبیب میں حسن کی تعریف و توصیف کی جاتی ہے ۔ تشبیب لفظ شباب سے نکلا ہے عام طور پر قصائد میں بہاریہ تشبیب یا پھر چاند اور چاندنی رات کی تشبیب باندھی گئی ہے ۔
گریز : قصیدہ کا دوسرا حصہ گریز ہے جس میں تشبیب سے پرہیز کرتے ہوئے ممدوح کی تعریف کی جانب توجہ دی جاتی ہے جس سے قصیدے میں نیا موڑ پیدا ہوتا ہے ۔ عام طور پر گریز کے دوران ہی مدح کا وسیلہ تلاش کیا جاتا ہے ۔ گریز کے دوران ۲ تا ۴ بند پر اکتفا کیا جاتا ہے ۔
مدح : قصیدہ کا یہ حصہ عام طور پر ممدوح کی تعریف پر مشتمل ہوتا ہے اور قصیدہ نگار مبالغہ کے دریا بہاتا ہے ۔ قصیدہ میں مبالغہ کی وجہ سے دلکشی پیدا ہوتی ہے ۔ قصیدہ کے پہلے جز یعنی تشبیب کے پڑھنے سے قصیدہ کے معیار کا پتہ چلتا ہے اور مدح کے ذریعہ شاعر کی کلام پر دسترس کا اندازہ ہوتا ہے ۔ غرض قصیدہ میں گریز کے بعد کا مرحلہ مدح سے وابستہ ہے ۔
دعا : مدح کے بعد یا قصیدہ کے دوران شاعر اپنا مدعا ظاہر کرتا ہے اور آخر میں ممدوح کے حق میں دعا کرتا ہے ۔اس طرح دعا اور حسن مدعا بھی قصیدہ کے ایک جزو کا مرتبہ رکھتے ہیں ۔
قصیدہ چاہے کسی بھی ملک میں لکھا جائے اس کو شاہی اور جاگیر شاہی نظام کی دین تصور کیا جاتا ہے ۔ ایران ہو یا ہندوستان ، جہاں بھی بادشاہت تھی وہاں کے شعراء نے ان بادشاہوں کی تعریف میں قصیدے لکھے جس کا مقصد حصول انعام و اکرام رہا ۔ بادشاہ ، نواب ، نواب زادے اور جاگیردار حضرات نے ان شعراء کی مالی امداد کے لئے نہ صرف وظائف مقرر کئے بلکہ مختلف انداز میں شعراء کو نوازا ۔ اس طرح شاعری میں قصیدہ کو عروج حاصل ہوا ۔
قصیدہ کے اقسام : قصیدے کو دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ ایک تمہیدیہ اور دوسرا خطابیہ ۔



تمہیدیہ : ایسا قصیدہ جس میں ممدوح کی تعریف سے پہلے تمہید کے طور پر تشبیب اور گریز ہو وہ تمہیدیہ قصیدہ کہلاتا ہے ۔
خطابیہ : ایسے قصیدے جس میں تشبیب اور گریز نہیں ہوتے بلکہ قصیدہ کا آغاز ہی ممدوح کی تعریف سے شروع ہوتا ہے وہ خطابیہ قصیدہ کہلاتا ہے ۔ قصیدوں کو مضمون کے اعتبار سے چار قسموں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔ مدحیہ ، ہجویہ ، وعظیہ اور بیانیہ ۔ اردو شاعری میں سوداؔؔ کو قصیدہ گوئی میں اولیت کا شرف حاصل ہے ۔ قصیدہ میں ان کے مدحیہ قصائد اور ہجویہ قصائد اہمیت کے حامل ہیں۔ مصحفیؔ نے سوداؔ کو ’’قصیدہ کا نقاش اول، زبان کا حاکم اور ہجو کا بادشاہ‘‘ بتایا ہے اور محمد حسین آزاد نے ان کی قصیدہ گوئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے ’’اول قصائد کا کہنا پھر اس دھوم دھام سے اعلی درجے اور فصاحت پر پہونچانا ان کا پہلا فخر ہے ۔ وہ اس میدان میں فارسی کے نامی شہہ سواروں کے ساتھ عنان در عنان ہی نہیں بلکہ اکثر میدانوں میں آگے نکل گئے ہیں ۔ ان کے کلام کا زور و شور انوری و خاقانی کو دباتا ہے اور نزاکت مضمون میں عرفی و ظہوری کو شرماتا ہے‘‘ ۔سودا نے قصیدہ کو اجزائے ترکیبی سے وابستہ کیا ۔ اگر شاعری میں کسی کی شخصیت پر لعن طعن کی بات ہو تو ایسے قصیدہ کو ہجویہ قصیدہ کہتے ہیں ۔ ہجویہ قصیدہ کے ساتھ ہی سودا کے ملازم خاص غنچہ کا تصور ذہن میں آجاتا ہے جو ہمیشہ سودا کے ساتھ قلم دان لئے پھرتا تھا ۔ اگر سودا کسی سے خفا ہوجاتے چاہے وہ کتنا ہی صاحب ثروت و ذی اثر آدمی کیوں نہ ہو ۔ کچھ ہی دیر میں سودا اس کے تعلق سے ہجو لکھ دیتے تھے اور چند ہی گھنٹوں میں اس ہجو کی سارے شہر میں گشت ہونے لگتی تھی ۔

سودا نے رثائی کلام پر بھی خصوصی توجہ دی ۔ مرثیہ کے لئے انہوں نے مسدس کی ہیئت تجویز کی چنانچہ آج تک بھی مرثیہ اسی ہئیت میں لکھا جاتا ہے ۔ جاگیردارانہ نظام میں بادشاہ کی حیثیت ایک درخت جیسی تھی اور اس کے نواب ، جاگیردار وغیرہ اس کی شاخیں تھیں ۔ جب یہ درخت ہی اکھڑ گیا تو سارا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ جب ممدوح نہ رہے تو مدح کس کی کی جائے گی ۔ اس طرح صنف قصیدہ روبہ زوال ہوئی لیکن ہمارے ادب کا یہ قیمتی اثاثہ ہے ۔
قصیدہ گوئی میں سودا کے بعد جو اہم نام سامنے آتے ہیں ان میں غالب اور ذوق کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔ دور حاضر میں ہجویہ قصائد میں صدق جائسی نے اپنے فن کا لوہا منوایا ہے ۔


allam iqbal shayari

November 21, 2018
•




 
Copyright © اردوادب. Designed by OddThemes